حیدر آباد: (دنیا نیوز) جامشورو کے علاقہ یو سی عرب خان کے متعدد دیہات میں خسرے کی وباء پھیل گئی، 5 روز میں 4 بچے جاں بحق ہوگئے۔
خسرے کے سبب مرنے والے بچوں میں 10سالہ ابوبکر ولد میاں بخش گبول، 8 سالہ ایاز ولد دھنی بخش گبول، 3 سالہ کبریٰ ولد اللہ بخش گبول اور 3 سالہ رخسانہ ولد حضور بخش گبول شامل ہیں۔
قریبی گوٹھ میں بھی 15 سے زائد مزید بچوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، سوشل میڈیا پر بچوں کی اموات کی خبر وائرل ہونے پر محکمہ صحت جامشورو حرکت میں آ گئی، ڈی ایچ او امام الدین کھوسو نے ڈاکٹر ہیمن کمار اور ڈاکٹر پریم کمار پر مشتمل ٹیم کو متاثرہ علاقوں میں بھیج دیا۔
ڈاکٹر ہیمن کمار نے بتایا گوٹھ محمد خان گبول، گوٹھ جان محمد گبول، گوٹھ غلام نبی گبول، گوٹھ امیر بخش گبول، گوٹھ آزاد گبول میں 300سے زائد بچوں کو ویکسین لگا دی گئی۔
ڈاکٹر ہیمن کمار نے کہا جن بچوں کی اموات ہوئی ہیں وہ تمام بچے گھروں میں ہی تھے، سرکاری ریکارڈ میں ان کا کوئی اندراج نہیں، ویکسین لگائی جا رہی ہے مزید خطرے کی کوئی بات نہیں۔
ڈی ایچ او نے کہا سوشل میڈیا پر خبریں چلنے پر فوری طور پر ٹیموں کو بھیجا گیا، گوٹھوں میں میڈیکل کیمپ بھی لگائے جائیں گے اور ویکسین بھی کی جائے گی۔
ڈی ایچ او نے کہا ہمارے پاس بچوں کی اموات کی کوئی رپورٹ نہیں آئی۔