سندھ فوڈ اتھارٹی کا ہوٹلوں، ریسٹورنٹس کیخلاف آپریشن، بھاری جرمانے عائد

Published On 19 August,2023 11:02 pm

کراچی (دنیا نیوز) سندھ فوڈ اتھارٹی نے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے خلاف بڑا آپریشن کیا اور صفائی کے ناقص انتظامات پر بھاری جرمانے عائد کئے۔

ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین کی ہدایت پر بوٹ بیسن کلفٹن میں آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر آپریشن رفیق میمن نے کی، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹرز مریم تالپور، یاسین سبزوئی، بشیر خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

محکمہ فوڈ نے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کو ناقص صفائی ستھرائی پر بھاری جرمانے عائد کئے، بوٹ بیسن کلفٹن پر قائم کھانے پینے کے تمام مراکز کو سندھ فوڈ اتھارٹی کے ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایات دیں۔

ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے کہا صوبے بھر میں کھانے پینے کی اشیاء کی خریداری، فروخت کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق بنایا جارہا ہے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔