شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں بم دھماکا، 11 مزدور جاں بحق

Published On 20 August,2023 08:35 am

شوال: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں مزدوروں کو لانے والی گاڑی میں دھماکے سے 11 مزدور جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا شمالی وزیرستان کی تحصیل کے علاقے گل میر کوٹ کے قریب ایک گاڑی میں ہوا، جس کے نتیجے میں 11 مزدور جاں بحق ہوئے جبکہ تین افراد لاپتہ اور دو شدید زخمی ہوئے جن کی حالت تشویشناک ہے۔

ڈی ایس پی تھانہ شوال شیر اللہ کے مطابق گاڑی میں ٹوٹل 16 مزدور سوار تھے، زخمیوں اور نعشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت مبیت اللہ، صحاب نور، جنت اللہ، اسد اللہ خان، میر ولی خان، مقبول خان ، شیر زاہد ، سید مانور، محإد ایاز، محمد ولی، گل حسین کے ناموں سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں عمر زاہد ، عمر آیاز شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کا تعلق جنوبی وزیرستان سے ہے، جن کی نعشوں کو آبائی علاقے منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب نگران وزیراعظم انوارالحق اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔