سرفراز بگٹی سے سمیع سعید کی ملاقات، کچھی کنال منصوبے کی بحالی پر تبادلہ خیال

Published On 23 August,2023 07:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی سمیع سعید نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران کچھی کنال منصوبے کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا بلوچستان کے بیشتر اضلاع کو پانی کی کمی سے  انتہائی مشکلات کا سامنا ہے، کچھی کنال کا منصوبہ بلوچستان کی ترقی کیلئے انتہائی اہم، بحالی انتہائی ضروری ہے۔

نگران وزیر داخلہ نے کہا منصوبے کی بحالی سے بلوچستان کے مشرقی اضلاع کو پینے کا صاف پانی میسر اور زرعی پیداوار میں اضافہ ہو گا، فلڈ ریلیف پیکج میں کچھی کنال کی بحالی کیلئے رقم مختص کی گئی ہے۔

نگران وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا مقررہ رقم جلد جاری کی جائے تاکہ جلد سے جلد کچھی کنال کی بحالی پر کام شروع کیا جا سکے، سرفراز بگٹی نے کہا پی ایس ڈی پی کا 32 فیصد بلوچستان کیلئے مختص کیا گیا ہے۔