اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
جڑواں شہروں میں بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹنے سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ہیں، موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے بعد لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، پشاور، صوابی اور سوات سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بھی آج بادل برسنے کا امکان ہے۔
بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کی وجہ سے بارشوں کا سلسلہ 27 اگست تک جاری رہنے کی توقع ہے، 25 اور 26 اگست کے دوران ڈیرہ اور اس سے ملحقہ شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔