پرویزالہٰی کی عدالت میں پیشی: نیب نے پنجاب حکومت سے سکیورٹی مانگ لی

Published On 31 August,2023 05:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نیب لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو لاہور ہائیکورٹ پیش کرنے کے لئے پنجاب حکومت سے سکیورٹی اور بلٹ پروف گاڑی مانگ لی۔

نیب کی جانب سے صدر تحریک انصاف چودھری پرویز الہٰی کو عدالت پیش کرنے کے لیے سکیورٹی اور بلٹ پروف گاڑی کی فراہمی کے حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو مراسلہ لکھ دیا گیا۔

نیب مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ پرویز الہٰی ہائی پروفائل ملزم ہیں جو اس وقت نیب کسٹڈی میں ہیں، لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الہٰی کو عدالت پیش کرنے کا حکم دیا ہے، سی ٹی ڈی کے مطابق پرویز الہٰی کی جان کو شدید سکیورٹی خدشات ہیں۔

نیب کی جانب سے مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پرویز الہٰی کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے بلٹ پروف گاڑی اور مناسب سکیورٹی فراہم کی جائے، پرویزالہٰی کی نیب آفس سے ہائیکورٹ آمد تک کی مکمل سکیورٹی کی ذمہ داری ہوم ڈیپارٹمنٹ کی ہوگی۔