کراچی : (دنیانیوز) کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ کو 3 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا ، تفتیشی افسر نے کہا کہ حلیم عادل شیخ پی ٹی آئی سندھ کے رہنما ہیں،انکی ہدایت پر کارکنوں نے 9 مئی کو ہنگامہ آرائی کی ، ان کے اشتعال دلانے پر پولیس موبائل کو دیگر املاک کو کارکنوں نے نقصان پہنچایا، حلیم عادل شیخ سے تحقیقات کرنی ہے، جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
عدالت نے حلیم عادل شیخ کو رہا کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق حلیم عادل شیخ کے خلاف مبینہ ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج ہے۔
یہ بھی پڑھیں :انسداد دہشتگردی عدالت کے حکم پر حلیم عادل شیخ رہا، دوبارہ گرفتار کر لیا گیا
یاد رہے کہ حلیم عادل شیخ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر ہیں اور وہ حال ہی میں تحلیل ہونے والی سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بھی تھے۔