کوئٹہ: (دنیا نیوز) سردار اختر مینگل نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا جیلوں میں جانے والے ایئر کنڈیشن اور فائیوسٹار ہوٹلوں جیسی مراعات مانگ رہے ہیں۔
کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے سرداراختر مینگل نے کہا صوبے بھر سے آنے والے سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو جلسہ میں شرکت کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، زندہ قومیں اپنے اکابرین کی قربانیوں کو یاد رکھتی ہیں، آج تو کاٹن کے کپڑے پہن کر بڑی بڑی گاڑیوں میں بیٹھ کر سیاست کی جاتی ہے۔
سردار اختر مینگل نے کہا آج ہم جیلوں میں جانے والے ایئرکنڈیشن اور فائیو سٹار ہوٹلوں جیسی مراعات مانگتے ہیں، ہمارے اکابرین نے مشکل حالات میں جیلیں کاٹیں، ہمارے اکابرین جیلوں میں جانے پر فخر کرتے تھے، آج کے سیاستدان جیل تو دور، ریل میں جانے سے بھی کتراتے ہیں۔
سردار اختر مینگل نے مزید کہا جنہوں نے اس سر زمین کی اپنے خون سے حفاظت کی انہیں غدار کہا جاتا ہے، ہمارے اکابرین کی وفات کا دن سرکاری سطح پر نہیں منایا جاتا ہے، ہمیں اپنے اکابرین پر فخر ہے جنہوں نے اپنی عوام کی پگڑی اونچی کی۔
سردار اختر مینگل کہا ہم آج بھی اپنے گمشدہ لوگوں کے انتظار میں ہیں، بلوچستان میں بسنے والی تمام اقوام کو بلوچستانی مانتے ہیں، بلوچستان کی تمام سیاسی قوتیں الیکشن نہیں بلکہ یک نکاتی ایجنڈا پر متحد ہوں، میں بحیثیت کارکن بن کر اس اتحاد میں تاقیامت چلنے کو تیار ہوں۔
سردار اختر مینگل نے مزید کہا ہم اس سر زمین کے نمک حلال ہیں، تجربات نے ملکی معاشی حالات کو اس نہج تک پہنچا دیا، دوست ہم سے ناراض ہوچکے ہیں۔