نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کی محکمہ داخلہ میں انسداد چینی سمگلنگ سیل کے قیام کی ہدایت

Published On 01 September,2023 11:08 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے صوبے سے چینی کی سمگلنگ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ چینی کی سمگلنگ میں اضافہ عوام پر اضافی بوجھ اور ملکی معیشت کے لیے نقصان دہ ہے، انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے چینی کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے مربوط لائحہ عمل مرتب کریں۔

میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ضلعی انتظامیہ چینی کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کریں، وزیراعلیٰ نے محکمہ داخلہ میں انسداد چینی سمگلنگ سیل کے قیام کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ چینی کی سمگلنگ کا نتیجہ مہنگائی کی صورت میں عام آدمی کو بھگتنا پڑتا ہے، عوام کو درپیش مسائل کا بخوبی اندازہ ہے، عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنائیں گے۔

میر علی مردان خان ڈومکی نے چینی کے 4 ٹرک تحویل میں لینے پر ایف سی بلوچستان کی کارکردگی کی تعریف کی۔