کراچی: (دنیا نیوز) لاڑکانہ، قمبرشہداد کوٹ، کشمور، کندھ کوٹ اضلاع کی کالعدم قوم پرست تنظیموں کے 100 رہنماؤں اور کارکنوں نے اپنی جماعتوں سے اظہارلاتعلقی کر دیا اور قومی دھارے میں شمولیت اختیار کر لی۔
قوم پرست جماعتوں کے منحرف رہنماؤں نے کہا قوم پرست جماعتیں سندھ کے حقوق کا نعرہ لگا کر نوجوانوں کو تخریبی کارروائیوں کیلئے استعمال کرتی ہیں، ان تنظیموں میں رہ کر شرمندگی اور وقت ضائع کرنے کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔
قوم پرست رہنماؤں نے مزید کہا جس کیخلاف ہم نعرہ لگاتے، ریلیاں نکالتے رہے ہیں اس ملک نے ہمیں حقوق، عزت اور پہچان دی ہے، نوجوانوں سے اپیل کرتے ہیں اپنی توجہ تعلیم پر رکھیں اور مثبت کردار ادا کریں، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یقین دلاتے ہیں کہ وطن کے ساتھ مخلص رہیں گے۔
قوم پرست رہنماؤں نے مزید کہا آج کے بعد کسی بھی قوم پرست پارٹی یا تنظیم سے کسی قسم کا کوئی بھی تعلق نہیں رکھیں گے۔