کشمور: (دنیا نیوز) کشمور میں دھرنے کے ثمرات آنا شروع ہو گئے، پولیس نے کچے کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے تین مغویوں کو بازیاب کرا لیا۔
بازیاب ہونے والوں میں دیپ مکھی، جگدیش کمار اور ڈاکٹر منیر احمد شامل ہیں جبکہ ساگر کمار کی بازیابی کیلئے کوششیں جاری ہیں، ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
مغویوں کی بازیابی کے باوجود سندھ پنجاب بارڈر پر دھرنا جاری ہے جس میں سول سوسائٹی سمیت مختلف برادریوں کے سیکڑوں افراد شریک ہیں، مظاہرین نے تمام مغویوں کی بازیابی تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔
دھرنے کے باعث مین شاہراہ بند ہونے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب شکار پور سے دو ہفتے قبل اغوا ہونے والے دو مغوی کسانوں کو بھی بازیاب کرا لیا گیا، ڈاکوؤں نے گاؤں ورند کے رہائشی دو سگے کسان بھائیوں کو زمین پر کام کرتے وقت اغوا کیا تھا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد ڈاکو مغویوں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔