کراچی: (دنیا نیوز) ویڈیو سکینڈل سامنے آنے کے بعد نجی سکول کے پرنسپل عرفان غفور میمن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
کراچی کے علاقے گلشن حدود ٹاؤن کے نجی سکول میں ویڈیو سکینڈل کے مرکزی ملزم کے خلاف ایف آئی آر سرکار کی مدعیت میں درج کی گئی ہے، مقدمے میں 376, 509 , 506 اور ٹیلی گراف ایکٹ کی دفعات لگائی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گلشن حدید میں دو درجن سے زائد ٹیچرز اور سٹاف سے زیادتی کرنے والے پرنسپل عرفان غفور میمن کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزم عرفان نے اپنا کوچنگ سینٹر قائم کر رکھا تھا جو خواتین کو نوکری کا جھانسہ دے کر ان سے زیادتی کرتا اور سی سی ٹی وی میں ویڈیو محفوظ کر لیتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے موبائل فون سے 25 سے زائد ویڈیوز برآمد ہوئیں، گرفتار ملزم اپنے سٹاف اور ٹیچرز سے بھی زیادتی کرتا تھا، ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق ملزم کے موبائل سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں، ملزم کو پکڑنے میں شہریوں نے مدد کی، گرفتار ملزم بلیک میلنگ زیادتی اور دیگر واقعات میں ملوث ہے۔
گورنر سندھ کا نوٹس
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے گلشن حدید کے نجی سکول میں خواتین سے جنسی ہراسگی کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن کو واقعہ کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کسی بھی صورت قابل قبول نہیں، انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف قانوں کے مطابق کارروائی کی ہدایت کر دی۔