پشاور: سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا، ایک اہلکار شہید، متعدد زخمی

Published On 11 September,2023 11:38 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بم دھماکے میں ایک اہلکار شہید ہوگیا جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ورسک روڈ پر ہونے والے دھماکے میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان ریسکیو کے مطابق دھماکے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید ہوا جبکہ فرنٹیئر کور کے 5 اہلکار اور 2 شہری زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ایس پی ورسک نے بتایا کہ مچنی سے مہمند رائفل کی گاڑیاں پشاور آ رہی تھیں، ساڑھے 10 بجے مہمند رائفل کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور دیگر اہلکار زخمی ہوئے ہیں، اس کے علاوہ دو سویلین بھی زخمی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکا خودکش نہیں، آئی ڈی بلاسٹ ہوا ہے، پہلے سے کوئی تھریٹ نہیں تھی، تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، دھماکا ہونے سے ایک جوان شہید، تین زخمی ہو گئے، واقعہ وارسک میں پیش آیا، شہید ہونے والا جوان لانس نائیک عبد الرحمان تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دھماکہ میں تین شہری بھی زخمی ہوئے، علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لئے آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پُرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔