لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے جناح ہاؤس پر حملے کے کیس میں سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں رہنما تحریک انصاف عمر سرفراز چیمہ کی دو مقدمات میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، اے ٹی سی کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے عمر سرفراز چیمہ کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے جناح ہاؤس حملے کے مقدمہ میں ملزم کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ ہونے کے باعث درخواست خارج کر دی، عدالت نے درخواست ضمانت کو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ مقدمہ میں بغاوت سمیت دیگر نئی دفعات شامل ہونے پر ملزم کا دوبارہ جسمانی ریمانڈ منظور ہوا۔
سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے عسکری ٹاور حملہ کیس میں بھی درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے، اے ٹی سی نے عسکری ٹاور حملہ کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کر دی۔
خیال رہے کی عمر سرفراز چیمہ پر عسکری ٹاور اور جناح ہاؤس پر حملے کا الزام ہے، عسکری ٹاور حملے کا مقدمہ تھانہ گلبرگ جبکہ جناح ہاؤس حملے کا مقدمہ تھانہ سرور روڈ میں درج ہے۔