لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کی نگران حکومت نے 9 مئی کے ملزمان کے جیل میں روزانہ ٹرائل کے فیصلے پر عمل در آمد یقینی بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
لاہور میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں 9 مئی اور جڑانوالہ کے واقعات سے متعلق امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے 3 وزراء اور اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیم کو جڑانوالہ کا دورہ کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں 9 مئی کے ملزمان کے جیل میں روزانہ ٹرائل کے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے 9 مئی کے واقعات پر لاہور کے تمام چالان 3 روز میں پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔
اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ جڑانوالہ میں 9 گرجا گھروں کی تعمیر و تزئین مکمل ہو چکی ہے، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزید 13 گرجا گھروں کی تعمیر و بحالی 2 ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔