بغاوت پراکسانے کا کیس : علی وزیرکو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیاگیا

Published On 15 September,2023 12:19 pm

اسلام آباد : (دنیانیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سوشل میڈیا پر بغاوت پر اکسانے کے کیس میں سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں علی وزیر کے خلاف سوشل میڈیا پر بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شبیربھٹی نے کی ، ایف آئی آئے نے آج علی وزیر کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا۔

عدالت کی جانب سے جاری تفصیلی فیصلے کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے علی وزیر کے مزید 6 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، ایف آئی اے کے مطابق تفتیش کے دوران علی وزیر سے موبائل فون برآمد نہیں ہوا، موبائل فون برآمدگی کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔

عدالت نے کہا کہ تفتیشی افسر مزید جسمانی ریمانڈ منظور کروانے کے لیے ٹھوس وجوہات سامنے نہیں لا سکا ، عدالت نے علی وزیر کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 29 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔

اس سے قبل 12 ستمبر کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سوشل میڈیا پر بغاوت پر اکسانے کے کیس میں علی وزیر کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔