الیکشن کے اعلان نے ملک میں سیاسی عدم استحکام کا خاتمہ کر دیا، گورنر خیبرپختونخوا

Published On 21 September,2023 10:31 pm

پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کا اعلان کر کے ملک میں سیاسی عدم استحکام کا خاتمہ کر دیا ہے۔

ملک میں عام انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا کہ الیکشن کے اعلان سے ملک میں معاشی استحکام بھی قائم ہو جائے گا، سیاسی جماعتیں آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کی تیاری کریں۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں عام انتخابات میں نئی سیاسی روایات پیدا کرنے کی کوشش کریں، الزامات اور قوم کے جذبات اجاگر کرنے کے بجائے اپنے اپنے سیاسی منشور کے مطابق انتخابات میں حصہ لیں۔

حاجی غلام علی کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے اعلان کے بعد عام انتخابات سے متعلق غیر یقینی کی سیاسی صورت حال کا خاتمہ ہو گیا ہے، ملک کی ترقی و خوشحالی جمہوریت کی مضبوطی سے ممکن ہے۔