اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیرمذہبی امورانیق احمد نے کہا حج پالیسی 2024ء تیار کر لی گئی، کابینہ سے 10 روز میں منظوری لے لی جائے گی۔
نگران وزیرمذہبی امور نے بتایا حج پالیسی میں 40 روز کے حج سمیت کم مدت کا حج بھی شامل ہوگا، اب پاکستانی حاجی گم نہیں ہوں گے، عازمین حج کو مخصوص رنگ اور ڈیزائن کے 2 سوٹ کیس دیئے جائیں گے، سوٹ کیس پر کیو آر کوڈ کی صورت میں عازمین حج کے کوائف موجود ہوں گے، سوٹ کیس پر نام، پاسپورٹ نمبر، رہائش گاہ، مکتب نمبر سمیت دیگر معلومات درج ہوں گی۔
انیق احمد نے مزید بتایا عازمین حج اب ہر وقت پاکستان میں اہل خانہ سے رابطے میں رہ سکیں گے، عازمین کو پہلی مرتبہ خصوصی موبائل پیکج دیا جائے گا، سعودی عرب کی موبائل فون کمپنی سے معاہدہ طے پا گیا ہے، پاکستانی عازمین رومنگ کے بغیر ہی موبائل فون پرآڈیو، ویڈیو کال کرسکیں گے، 4 ہزارروپے کے موبائل پیکج سے لامحدود بات ہوسکے گی۔