لانگ ٹرم پالیسی وقت کی ضرورت، عوام کو ریلیف دینا ہوگا: شرجیل میمن

Published On 28 September,2023 10:21 pm

حیدر آباد: (دنیا نیوز) سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا کہ ملک میں لانگ ٹرم پالیسی دینا ہوگی، پورے ملک کے سٹیک ہولڈرز کو ساتھ بیٹھنا ہو گا، جو بھی حکومت آئے اسے اس پر عمل کرنا ہوگا، عوام ریلیف مانگ رہے ہیں، انہیں ریلیف دینا ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ تاریخ میں سب سے زیادہ زیادتی پیپلز پارٹی کے ساتھ ہوئی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے اقتدار میں آکر لوگوں کو چن چن کر سزا دلوائی۔

سابق صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے جتنی قربانی دی ہے اتنی کسی پارٹی نے نہیں دی، باقی سیاسی پارٹیوں کو وقتی تکلیف ہوتی ہے مگر جمہوریت کے لیے بڑی قربانی پی پی نے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی پاکستان کا سیاہ ترین دن ہے، اپنے ہی لوگوں کو اپنے ہی اداروں کے خلاف کیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے ہر طریقے سے ملک کو نقصان پہنچایا، چیئرمین پی ٹی آئی پہلے سارے گناہوں کی سزا کاٹے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ہمیں تاریخ دی جائے الیکشن کب ہوگا، الیکشن کمیشن جلد سے جلد اعلان کرے تاکہ صاف الیکشن ہوں، جو ہماری حلقہ بندیاں ہیں اس پر زیادتی ہوئی ہے، لوگوں کی سیٹ کم کی گئی ہے۔