اوکاڑہ: (دنیا نیوز) بشریٰ بی بی کے سابقہ شوہر خاور مانیکا کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔
اوکاڑہ کی مقامی عدالت کے جج نعیم شوکت کے چھٹی پر ہونے کے باعث سماعت ملتوی کی گئی اور درخواست پر دوبارہ سماعت 2 اکتوبر کے لئے مقرر کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ خاور مانیکا نے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کو عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے، وہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن پنجاب کی حراست میں ہیں۔
قبل ازیں اوکاڑہ کی مقامی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خاور مانیکا کا کہنا تھا کہ قبرستان کی جگہ شادی ہال بنانے کی خبر بے بنیاد ہے، تاہم دکانیں ہماری ہیں۔
خاور مانیکا کو ناجائز تعمیرات کے الزام میں لاہور ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا، خاور فرید مانیکا کے خلاف ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ نے اینٹی کرپشن میں رواں سال جون میں ایک فوجداری ریفرنس دائر کیا تھا۔
ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ خاور فرید مانیکا وغیرہ نے محکمہ اوقاف کی زمین پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے اور اس پر شادی ہال اور دکانیں تعمیر کی ہوئی ہیں۔