لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی نے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
اپنے ایک بیان میں حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ دہشتگردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، بے گناہ کو قتل کرنے والا جنت نہیں دیکھے گا، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بہت اہم فیصلے کیے گئے، کسی افغانی کو پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں کی جرات نہیں ہونی چاہیے، ریاست مقدم ہے، پاکستان کا امن سب سے زیادہ عزیز ہے۔
حافظ طاہر اشرفی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز سرحدوں کی بھرپور حفاظت کر رہی ہیں، مسلح افواج نے دہشت گردوں کو ہر محاذ پر شکست دی، آزاد، خود مختار فسلطینی ریاست کا قیام ہمارا مطالبہ ہے۔