نیویارک : (ویب ڈیسک ) امریکہ میں موجود پاکستان ، جنوبی ایشیا اور کامن ویلتھ کی پہلی خلا باز خاتون نمیرا سلیم نے خلا میں روانگی سے قبل تربیتی سیشن میں شرکت کی۔
پاکستان کی پہلی خلا باز خاتون نمیرا سلیم نے ٹریننگ کے حوالے سے کہا کہ آج اپنے سپیس سوٹ اور پیراشوٹ کو درست طریقے سے فٹ کرنے کے بارے میں سیکھا ، ہمیں سپیس شپ میں سیٹوں کی فعالیت اور اپنی سیٹ بیلٹ باندھنے اور کھولنے کے بارے میں سکھایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹریننگ کے پہلے روز ہمیں سکھایا گیا کہ ہم کس طرح صفر کشش ثقل پر اپنی نشست سے اٹھ سکیں گے، کل ہمارے پاس ٹریننگ کا ایک اور دلچسپ دن ہے۔
یاد رہے کہ یکم اکتوبرکو نمیرا سلیم کراچی سے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس پہنچی تھیں جہاں سے وہ 5 اکتوبر کو خلا ئی سفر کا آغاز کرینگی ۔
یہ بھی پڑھیں :پہلی پاکستانی خاتون خلاباز نمیرا سلیم خلائی سفر کیلئے امریکا پہنچ گئیں
نمیرا سلیم پاکستان کی پہلی خاتون ہیں جنہیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
نمیرا سلیم 21 اپریل 2007ءکو قطب شمالی اور 8 جنوری 2008ءکو قطب جنوبی میں پاکستان کا پرچم لہرا چکی ہیں۔
نمیرا نے خلاءمیں روانگی سے قبل گزشتہ ماہ نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے ملاقات بھی کی تھی اور انہیں اپنے خلائی سفر پر روانگی سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا تھا۔
نمیرا سلیم خلاءمیں پاکستانی پرچم بلند کرنے کا عزم رکھتی ہیں، ان کا سفر خلائی تحقیق میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی علامت ہے جو قوم کے لئے اہم کامیابی ہے، ان کی اس کاوش سے پاکستان کے امن پسند اور ترقی پسند ملک کی حیثیت سے مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے 2006 میں نمیرا سلیم کو پہلی پاکستانی خلا باز قرار دیا تھا اور 2011 میں انہیں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔