اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی کی حدود میں تیز رفتار سرکاری افسر کی گاڑی نے 2 نوجوانوں کو کچل ڈالا، ایک جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
حادثہ تھانہ سنگجانی کی حدود ملٹی گارڈن بی 17 میں پیش آیا جہاں سرکاری گاڑی سفید فارچیونر نے دو نوجوان لڑکوں کو ٹکر مار دی، دونوں زخمی نوجوانوں کو طبی امداد کیلئے پمز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت ضرار کے نام سے ہوئی ہے۔
قانونی کاروائی کیلئے تھانہ سنگجانی کے انویسٹی گیشن افسر اور دیگر پولیس اہلکار پمز ہسپتال میں موجود ہیں، سرکاری گاڑی کی ڈرائیور خاتون ہے جس کا نام نبیلہ سمیع بتایا جا رہا ہے، خاتون ڈرائیور کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔