بہاولنگر: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ 16 ماہ پہلے ہم حکومت نہ لیتے تو آج پٹرول 600 روپے لٹر اور ڈالر 500 کا ہو جاتا۔
بہاولنگر میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں ن لیگی رہنما سردار ایاز صادق نے کہا کہ جنوری 2024ء کو ہو رہے الیکشن کے بعد نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ 2014ء میں نواز شریف کی کامیاب حکومت کے خلاف سازش کا آغاز کیا گیا، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے سازش کو کامیاب کروایا، نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے پاکستان کے مجرم ہیں۔
ایاز صادق نے کہا کہ 16 ماہ پہلے ہم حکومت نہ لیتے تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا، شہباز شریف حکومت کی کوشش سے ملک 30 جون 2023ء کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ریاست بچانے کیلئے اپنی سیاست کی قربانی دی ہے، شہباز شریف حکومت میں رکھی گئی معیشت کی بنیاد پر ملک 5 سال چلے گا، نواز شریف ہی ملک کو درست سمت میں گامزن کریں گے، ان کا تاریخی استقبال کیا جائے گا۔