گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ جب مسلم لیگ ن پر مشکلیں آئیں تو ہم روئے نہیں بلکہ ڈٹ کے کھڑے رہے۔
گوجرانوالہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگی رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ جب مسلم لیگ ن اور نواز شریف پر مشکل وقت آیا تو ہم نے ساتھ دیا، ہمارے کاروبار تباہ کیے، ہم پر بے پناہ پرچے کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان سے نواز شریف کے کام نکال دیں تو پیچھے کھنڈر بچتا ہے، گوادر سے حنجراب تک موٹروے اور بندر گاہیں نکال دیں تو کھنڈر بچتا ہے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان کے اچھے دن آ رہے ہیں کیونکہ نواز شریف آ رہے ہیں، نواز شریف کی واپسی پاکستان میں حوشحالی اور روزگار کی واپسی ہے، پاکستان میں جمہوریت کی واپسی ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہم اس وقت بھی نہیں ڈرے جب بدترین حالات تھے، 21 اکتوبر کو دوبارہ ثابت کریں گے کہ گوجرانوالہ نواز شریف کی محبت سے بھرا پڑا ہے۔