رحیم یارخان: (دنیا نیوز) سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد کی آمد پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بھی دعوت دیں گے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے لیگی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوری کے آخر میں یا فروری کے شروع میں الیکشن ہوں گے، آئین میں کوئی اور طریقہ نہیں ہے کہ الیکشن میں تاخیر کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: نوازشریف قرض، مہنگائی اور معاشی بدحالی سے آزاد پاکستان بنائیں گے: مریم نواز
نواز شریف 21 اکتوبر کو لازمی ملک پہنچیں گے، 21 اکتوبر کو نواز شریف کا شاندار استقبال کیا جائے گا، استقبال کیلئے لوگ زیادہ ہیں اور ٹرانسپورٹ کم، جو اتحاد بنا تھا اس میں مختلف سیاسی جماعتیں اور ان کے اپنے اپنے نظریات تھے، پاکستان کو اتحاد اور اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے۔
ایاز صادق نے کہا کہ نواز شریف کی آمد پر بلاول بھٹو کو بھی دعوت دیں گے، جنہوں نے مہنگائی کی صورتحال پیدا کی وہ تو چھپے ہوئے ہیں، نظر نہیں آ رہے لیکن آنے والی حکومت کو بہت سارے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی واپسی سے صرف آئین شکن پریشان ہیں: مریم نواز
سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آنکھیں بند کر لینے سے کچھ نہیں ہوگا، عام آدمی کو ریلیف پہنچانے کیلئے سخت فیصلے لینا ہوں گے، ہم فیئر الیکشن چاہتے ہیں، تب بھی چاہتے تھے، اب بھی چاہتے ہیں، جو جیتے وہ اپنی اہلیت پر جیتے، جس نے نئی سیاسی جماعت بنانی ہے بنائے اس میں کوئی روک ٹوک نہیں، ہم نواز شریف کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔
ایازصادق نے مزید کہا کہ ہمارے کوئی سیاسی اختلافات نہیں ہیں کہ ہم اکٹھے نہ ہو سکیں، ملک کی خاطر سب کو اکٹھا ہونا ہوگا، آنے والی نئی حکومت کے لئے مہنگائی بہت بڑا چیلنج ہوگا، ملکی مفاد کے لئے حکومت کو سخت فیصلے کرنا پڑیں گے۔