کوئٹہ: (دنیا نیوز) بی اے پی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات چودھری شبیر اور مرکزی رہنما میر ظفر قمبرانی سیکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے۔
پاکستان مسلم لیگ ن بلوچستان کے زیراہتمام کارکنوں کی ن لیگ میں شمولیت کیلئے جلسے کا انعقاد کیا گیا، مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر شیخ جعفر کی موجودگی میں چودھری شبیر اور میر ظفر قمبرانی نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔
چودھری شبیر نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی مسلم لیگ ن سے وابستہ تھا، اب دوبارہ شامل ہوکر فخر محسوس کر رہا ہوں، مسلم لیگ ن چھوڑنے کی اپنی غلطی کو تسلیم کرتا ہوں، بلوچستان میں مسلم لیگ ن کے قافلے کو مزید آگے بڑھائیں گے۔
میر ظفر قمبرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ن لیگ ہی عوام کے حقیقی مسائل حل کرے گی، مسلم لیگ ن کو کوئٹہ کی قدیم آبادیوں میں پذیرائی حاصل ہے مگر ماضی میں مناسب نمائندگی نہیں ملی، بے روز گاری اور تعلیم کے فقدان نے لوگوں کو پریشان کر رکھا ہے۔