قوم نے دوبارہ موقع دیا تو نواز شریف مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کر دے گا: احسن اقبال

Published On 10 October,2023 08:42 pm

نارووال: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر قوم نے دوبارہ موقع دیا تو نواز شریف مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کر دے گا۔

جسڑ میں ن لیگ کا جلسہ ہوا، جلسہ میں سینیٹر افنان اللہ خان نے بھی شرکت کی، جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ آج ہم اپنے قائد نواز شریف کی واپسی کے لئے جلسہ کر رہے ہیں، یہ جلسہ ان کے استقبال کے لئے لوگوں کا جذبہ بیدار کرنے کے لئے ہے، اس جلسہ کے ساتھ ہی اگلے الیکشن کی مہم شروع ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کی کل سعودی عرب روانگی، چین یا قطر کا دورہ نہیں کرینگے: عرفان صدیقی

احسن اقبال نے کہا کہ الیکشن میں پاکستان کی عوام سپریم کورٹ ہوتی ہے، جس کی عدالت میں ہر جماعت کا امیدوار پیش ہو کر اپنا مقدمہ سناتا ہے، 2018ء میں ایک مثال دی تھی ہر جلسہ میں سوال کیا تھا کہ آپ میں کون اپنے موٹر سائیکل کی چابی کسی ایسے بندے کو دے گا جس نے موٹر سائیکل نہ چلائی ہو، اناڑی کو موٹر سائیکل دیں گے تو وہ اپنا سر بھی پھاڑے گا، موٹر سائیکل بھی توڑ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ اناڑی نے پاکستان کو قرضوں میں ڈوبا دیا، پچھلے سال اپریل میں شرط لگنا شروع ہو گئی کہ پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا، پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کی خاطر آئی ایم ایف کے پاس گئے، آج کوئی نہیں کہہ رہا پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی وطن واپسی: دبئی سے پاکستان کیلئے سپیشل طیارہ بک کرا لیا گیا

احسن اقبال نے کہا کہ 2013ء میں دہشت گردی تھی، نواز شریف نے امن کا وعدہ کیا، 2018ء تک دہشت گردی کمر توڑ کر امن بحال کیا، نواز شریف جو وعدہ کرتا ہے پورا کرتا ہے، آج نواز شریف کا وعدہ ہے قوم نے دوبارہ موقع دیا تو مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کر دے گا، نواز شریف قوم کا آزمایا ہوا لیڈر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ان کی چیخیں نکل رہی ہیں، یہ وہی سیل ہے جس میں مجھے رکھا گیا، جیلیں ہم نے بھی کاٹی ہیں لیکن جماعت نہیں چھوڑی، 21 تاریخ کو نواز شریف کی آمد ایک بہت بڑے پاکستان کا سنگ بنیاد ہے، نواز شریف کو کہا گیا سمجھوتہ کر لو لیکن انہوں نے سمجھوتہ نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نوازشریف نے صرف نعرے نہیں لگائے، ہمیشہ عملی کام کرکے دکھائے: خرم دستگیر

احسن اقبال نے کہا کہ آج دنیا فلسطین معاملے پر دیکھ رہی ہے کہ مغرب کس طرح دوغلے پن کا مظاہرہ کر رہا ہے، دو مہینے سے اسرائیل فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا تھا کوئی نہیں بولا، جب فلسطینیوں نے کارروائی کی تو دہشت گردی یاد آ گئی، اپنی حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ مسلم امہ کا اجلاس بلایا جائے۔