میانوالی: تیز رفتار جیپ نہر میں گر گئی، سرائیکی گلوکار شرافت علی سمیت 7 افراد جاں بحق

Published On 12 October,2023 06:58 am

میانوالی: (دنیا نیوز) تیز رفتاری کے باعث جیپ نہر میں جا گری جس کے نتیجے میں سرائیکی گلوکار شرافت علی خیلوی سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔

جیپ کو حادثہ میانوالی کے علاقے واں بھچراں میں پیش آیا جہاں تیز رفتاری کے باعث جیپ بے قابو ہو کر نہر میں گر گئی، افسوسناک حادثے میں 7 افراد ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، مرنے والوں میں معروف سرائیکی گلوکار شرافت علی خیلوی بھی شامل ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو نہر سے نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر حادثے کی وجوہات کا جائزہ لیا اور مزید قانونی کارروائی شروع کر دی۔