پنجاب: ایک ہی دن میں آشوب چشم کے 3 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

Published On 11 October,2023 11:07 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں آشوب چشم کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ نہ رک سکا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں 3 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آگئے۔

محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز 326 افراد آشوب چشم میں مبتلا ہوئے، ایک ماہ کے دوران پنجاب کے 36 اضلاع میں آشوب چشم کے کل 1 لاکھ 24 ہزار 496 مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے 10 ہزار 709 افراد کا تعلق لاہور سے ہے۔

حکام محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 30 دنوں میں آشوب چشم کے سب سے زیادہ 21 ہزار 302 مریض بہاولپور میں رپورٹ ہوئے، بہاولپور میں گزشتہ روز بھی آشوب چشم کے 435 نئے مریض سامنے آئے۔

صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں آئی سرجنز کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کر رکھی ہے، تمام ہسپتالوں میں آئی ڈراپس وافر مقدار میں مہیا کر دیے گئے ہیں، آشوب چشم خطرناک نہیں اور نہ ہی اس سے بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آشوب چشم کا مرض 8 سے 10 دن میں خود بخود ٹھیک ہو جاتا ہے، شہری آنکھوں کی صفائی کا خیال رکھیں، تیز دھوپ، دھوئیں اور گرد و غبار سے آنکھوں کو بچائیں، آشوب چشم میں مبتلا شخص کے کپڑے اور تولیے وغیرہ علیحدہ رکھیں۔