اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ کے جانبازوں نے ہمیشہ شجاعت کی داستانیں رقم کی ہیں، آرمی اور ایئرفورس کی طرح پاکستان نیوی نے بھی ہمیشہ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ریئر ایڈمرل جاوید اقبال نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان نیوی کے پیشہ ورانہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ نے پاکستان نیوی کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کے جانبازوں نے ہمیشہ شجاعت کی داستانیں رقم کی ہیں، سمندری حدود کی حفاظت کرنے والے پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں، آرمی اور ایئرفورس کی طرح پاکستان نیوی نے بھی ہمیشہ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ وطن عزیز کی سمندری حدود کے دفاع میں پاکستان نیوی کا کردار سنہری حروف سے لکھا جائے گا، قدرتی آفات کے نتیجے میں پاک بحریہ کی متاثرین کیلئے معاونت قابل قدر ہے۔
اس موقع پر ریئر ایڈمرل نے چیئرمین سینیٹ کو پاک نیوی کی چیدہ چیدہ صلاحیتوں بارے بھی بریفنگ دی۔