کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ سیاست نہیں انسانیت کے نام پر فلسطینیوں کیلئے آواز اٹھائیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہمیں شرم سے سرجھکانا چاہیے، ہم نے قائداعظم کے فرمان پر عمل نہیں کیا، پاکستان کی تاریخ شہدا کے لہو سے بھری پڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کے نہتے مسلمانوں اور معصوم بچوں پر ظلم و جبر جاری ہے، ہم پتہ نہیں کونسا پتھر کا دل لیے بیٹھے ہیں، فلسطین کیلئے ہم آواز نہیں اٹھا پارہے، ہمارے پیروں میں کونسی زنجیریں ہیں، پاکستان کے غیور عوام کو زنجیروں کو توڑ دینا چاہیے۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا ہے کہ تمام عرب ممالک سے اپیل کرتا ہوں وہ فلسطینیوں کیلئے آواز اٹھائیں، سیاست کے نام پر نہیں انسانیت کے نام پر فلسطینیوں کیلئے آواز اٹھائیں۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ آج فلسطین کے مسلمان مدد کیلئے پکار رہے ہیں، ہمیں آگے بڑھنا چاہیے، آگے کے لائحہ عمل کا آج شام تک اعلان کروں گا کہ ہم فلسطینی مسلمانوں کیلئے کیا کرنے جارہے ہیں۔