لاہور: (دنیا نیوز) جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت 7 مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کر دی گئیں۔
لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ آج چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستوں پر سماعت کرے گا، درخواست میں سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ درخواست گزار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، 5 اگست کو توشہ خانہ کیس میں حقائق کے برعکس سزا ہوئی، سزا کے فوری بعد پولیس نے درخواست گزار کو گرفتار کر لیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ضمانتوں کو میرٹ کی بنیاد پر سننے کا حکم دے۔
یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی 7 مقدمات میں ضمانتوں کو خارج کیا تھا۔