لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان فلسطینی بچوں کی حفاظت کیلئے عالمی دنیا میں اپنی آواز بلند کرے۔
چودھری شجاعت حسین نے غزہ کے حوالے سے بیان میں کہا کہ پاکستان اگر اس وحشیانہ جنگ میں شریک نہیں ہوسکتا تو کم از کم فلسطینی معصوم بچوں کی حفاظت کے لئے اس کو عالمی دنیا میں اپنی آواز بلند کرنی چاہئے، اس جنگ میں بڑی تعداد میں فلسطینی معصوم بچے، خواتین اور مرد شہید ہوچکے ہیں۔
سربراہ پاکستان مسلم لیگ ق نے کہا کہ زخمی فلسطینیوں کو جنگی علاقوں سے نکالنے اور علاج کے اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ زخمی فلسطینیوں کو بحری جہازوں کے ذریعے نکلوا کر ان کا علاج کروایا جائے۔
چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ جو معصوم لوگ اپنی جانیں بچانے کے لئے ہسپتالوں میں چھپے ہوئے تھے بمباری کے بعد ان کی شہادت کی تصاویر دیکھی نہیں جاسکتیں، معصوم فلسطینیوں کی شہادت ایک بڑا سانحہ ہے۔