ریلی شوق سے نہیں اسرائیلی مظالم کیخلاف آواز اٹھانے کیلئے نکال رہے ہیں: خالد مقبول

Published On 19 October,2023 07:07 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ ہم ریلی شوق سے نہیں اسرائیلی مظالم کیخلاف آواز اٹھانے کیلئے نکال رہے ہیں۔

ایم کیوایم پاکستان کے کنوینرڈاکٹر خالدمقبول صدیقی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کی ریلی امت کے لئے ہے، یہ ہم اپنے حصے کا کام کر رہے ہیں، یہ سٹیج بنایا اور سجایا ایم کیو ایم نے ہے لیکن یہ امت کے لئے ہے، اس معاملے پر سیاسی جماعتوں کو اپنی سیاست کو امت کی خاطر ترک کر دینا چاہئے۔

یہ بھی پڑھیں: امت مسلمہ کو اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہونا ہوگا: مصطفیٰ کمال

خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی ملت اسلامیہ کا سب سے بڑا شہر ہے، فلسطینی مسلمانوں سے یکجہتی کے لئے ہم ریلی نکالیں گے، کراچی میں بسنے والے تمام لوگوں کو بلاتفریق اس ریلی میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں، ریلی میں موجود ہونا ایک حوصلے کے نئے باب کا اضافہ ہوگا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر نے مزید کہا کہ ملت کیخلاف ہونے والی سازش کیخلاف سب یہاں جمع ہوں، کئی سیاسی جماعتوں نے ہمارے اقدام کو سراہا ہے، جوجماعتیں یہاں آئیں گی ان کی ملت اسلامیہ بھی شکرگزار ہو گی، ہم یہاں ریلی شوق سے نہیں ظلم کیخلاف آوازاٹھانے کے لئے نکال رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خالد مقبول صدیقی کا شہبازشریف سے ٹیلیفونک رابطہ، اسرائیلی جارحیت پر اظہار تشویش

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کوریلی میں شرکت کی دعوت دی ہے، ہم سیاسی مقاصد کے لئے یہ کام نہیں کر رہے، تمام لوگوں سے گزارش ہے انسانی اور دینی فرض سمجھتے ہوئے اس ریلی میں شرکت کریں، صوبے کی نگران حکومت کو نگرانی بھی کرنی ہے، تمام وزراء اور وزیراعلیٰ سندھ کو بھی اس ریلی میں شرکت کرنی چاہئے۔