4 سال بعد واپسی، نوازشریف کی پرواز دبئی سے اسلام آباد کی جانب گامزن

Published On 21 October,2023 08:34 am

دبئی: (دنیا نیوز) قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد پاکستان واپسی کیلئے دبئی ایئرپورٹ سے روانہ ہوگئے۔

نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے طیارہ ’امید پاکستان‘ ایک گھنٹہ 22 منٹ تاخیر سے 10 بجکر 42 منٹ پر دبئی ایئرپورٹ سے روانہ ہوا۔

قائد مسلم لیگ ن کی دبئی سے اسلام آباد خصوصی پرواز کا دورانیہ 3 گھنٹے 5 منٹ ہے جس کے تحت نوازشریف کا جہاز تقریباً ایک بج کر 50 منٹ پر  اسلام آباد میں لینڈ کرے گا، سابق وزیراعظم کے ہمراہ 148 مسافر خصوصی پرواز میں پاکستان آ رہے ہیں جبکہ لیگی رہنما عرفان صدیقی، ناصر جنجوعہ اور ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

علاوہ ازیں سابق وزیر اعظم کے خصوصی چارٹر طیارے کو فضائی حدود کے استعمال اور لاہور، اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت مل گئی۔

اسلام آباد میں ایک گھنٹہ قیام کے دوران سابق وزیر اعظم قانونی مشاورت کریں گے جس کے بعد وہ لاہور کیلئے روانہ ہوں گے، لاہور ایئرپورٹ پر ڈھائی بجے لینڈنگ متوقع ہے، نوازشریف مینار پاکستان پہنچ کر جلسے سے خطاب کریں گے۔

وطن واپس پہنچنے پر پارٹی کی جانب سے نواز شریف کا شاندار استقبال کیا جائے گا، سابق وزیر اعظم کی آمد پر لاہور شہر پر پھول نچھاور کئے جائیں گے، سیسنا طیارے لاہور پر پھول گرائیں گے، اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) نے نجی فضائی کمپنی سے رابطہ کیا جسے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اجازت بھی دے دی ہے، نواز شریف کی آمد پر ڈیڑھ گھنٹے تک دو طیارے شہر پر پھول برسائیں گے۔

دوسری جانب نواز شریف کے استقبال کیلئے مختلف علاقوں سے آئے لیگی کارکنوں کی کثیر تعداد جلسہ گاہ میں موجود ہے، پنڈال میں پارٹی پرچموں کی بہار، سٹیج پر بڑی سکرین لگا دی گئی، جلسہ گاہ اور اس کے اطراف قائد (ن) لیگ کی تصاویر والے خیر مقدمی بینرز آویزاں کئے گئے ہیں، جلسہ گاہ میں پارٹی ترانے بجائے جا رہے ہیں۔