اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا کہ بھارت نے امن کا راستہ چھوڑ کر ظلم کا راستہ اختیار کیا ہوا ہے۔
معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کل جماعتی حریت کانفرنس قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی طرف سے نسل کشی کی جارہی ہے، غزہ پر اسرائیلی حملے سے پوری دینا میں بے چینی ہے۔ کوئی آواز اٹھانے والا نہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ بھارت نے کینیڈا میں سکھوں کو ٹارگٹ کیا، کشمیریوں کے گھروں اور جائیدادوں پر قبضہ کیا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے جنگل کا قانون لاگو کر رکھا ہے، الیکشن میں بھارت نے مزید اسٹنٹ وار کرنا ہے۔
مشعال ملک نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھی وار کرائم ہو رہے ہیں، یاسین ملک کو تہاڑ جیل میں رکھا گیا، یاسین ملک کو پھانسی گھاٹ پر چڑھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، فلسطین اور کشمیر کو ٹیبل پر حل نہیں کیا گیا، یہ آگ پوری دنیا میں پھیل رہی ہے، کشمیریوں نے بھارتی ٹارچر کے باوجود ہمیشہ پرامن جدوجہد کی۔