اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ اگلے چند سالوں میں کئی بلین ڈالرز آئیں گے، آئی ٹی کے شعبے پر ہی پاکستان کی تیز رفتارمعاشی ترقی کا انحصار ہے۔
نگران وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور نگران وفاقی وزیر برائے آئی ٹی ڈاکٹرعمرسیف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی، ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، بڑی تعداد میں لوگ آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ ہیں۔
— Dunya News (@DunyaNews) October 25, 2023
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ برآمدات کے فروغ میں آئی ٹی کے شعبے کا بڑا اہم کردار ہے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت سرمایہ کاری کو فروغ دیا جارہا ہے، حکومتی اقدامات سے برآمدات کو فروغ ملے گا۔
نگران وزیربرائے آئی ٹی نے کہا کہ یونیورسٹیاں ہرسال 75 ہزار گریجویٹس پیدا کرتی ہیں، آئی ٹی کمپنیاں اڑھائی سے 3 لاکھ کو فوری ملازمت دے پاتی ہیں، آئی ٹی یونیورسٹیوں کے امتحان کا مرکزی نظام بنایا جائے گا، آئی ٹی انڈسٹریز میں دو لاکھ نوجوانوں کو تیارکرنا چاہتے ہیں، انٹرنیٹ کے مختلف بزنس پلیٹ فارمزکے ساتھ کام کرنے کی ٹریننگ دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: چین کی 6G نیٹ ورک کی تیاری میں اہم پیشرفت
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ تربیت کی فراہمی سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسرآئیں گے، پاکستان میں تقریبا 19 ہزار آئی ٹی کمپنیاں ہیں جن میں ڈیڑھ لاکھ ملازم ہیں، پندرہ لاکھ نوجوان انٹرنیٹ پر گھر بیٹھے فری لانسنگ کرتے ہیں، سولہ ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی شعبے سے متعلق سکلز دینے جا رہے ہیں۔
نگران وزیربرائے آئی ٹی نے مزید کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں 5 ارب ڈالرز کی اضافی صلاحیت کا اضافہ کیا جائے گا، ای روزگار سینٹر سے نوجوان ساڑھے 8 ارب روپے کما چکے ہیں، ای روزگارپروگرام کے تحت پرائیویٹ سیکٹر کو قرضے دیئے جائیں گے، اگلے ہفتے سے پاکستان سٹارٹ اپ فنڈز لانچ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایکس کا مقابلہ، تھریڈز نے نئے فیچرز متعارف کروا دیے
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ اگلے دوسال میں2لاکھ لوگوں کو آئی ٹی انڈسٹری میں شامل کریں گے، فائیو جی کے لئے حکومت نے پراسس شروع کردیا ہے، ٹیلی کام سیکٹرمیں بھی ریفارمز کی ضرورت ہے، پاکستان میں اس وقت 56 ہزارٹیلی کام ٹاورموجود ہیں، آئی ٹی کمپنیوں کو 50 فیصد ریونیو ڈالرز میں رکھنے کی اجازت مل گئی ہے۔
وزیر آئی ٹی نے کہا کہ ایچ ای سی کیساتھ مل کرآئی ٹی گریجویٹس کے لئے سٹنڈرڈائزڈ ٹیسٹ شروع کر رہے ہیں، رواں سال دسمبر سے آئی ٹی گریجویٹس کا ٹیسٹ شروع کرنے جا رہے ہیں۔