غیر ملکی سیاحوں کے لئے پنجاب پولیس میں ٹورازم فورس بنانے کا فیصلہ

Published On 26 October,2023 07:49 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں غیر ملکی سیاحوں کے لئے پولیس میں ٹورازم فورس بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ایئرپورٹ پر آنے والے سیاحوں کو صوبے کے سیاحتی مقامات کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی، ٹورازم فورس محکمہ سیاحت کے ساتھ ہوٹل، ریسٹورنٹس سمیت سیاحتی مقامات کا ریکارڈ اپڈیٹ رکھے گی، علاوہ ازیں لاہور سمیت 3 ایئرپورٹس پر خصوصی کاؤنٹر بنا کر میل اور فی میل سٹاف تعینات کیا جائے گا، جس کی آئی جی پنجاب نے منظوری دیدی ہے۔

تینوں ایئرپورٹس پر2 گاڑیاں اور 2 ہیوی بائیکس بھی ہمہ وقت موجود رہیں گی، سکیورٹی کے لئے ایس پی یو اور سیاحت کے لئے پی ایچ پی موجود ہوگی، ٹورازم فورس سیاحوں کو ان کے متعلقہ مقام کے حوالے سے تمام معلومات، موسمی صورتحال، علاقائی و تاریخی پس منظر سمیت دیگر تفصیلات فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس مری میں خواتین سے بدتمیزی کے واقعہ پر راولپنڈی پولیس نے ٹورازم سکواڈ تشکیل دیا تھا، جس کے بعد اب پنجاب میں ٹورازم سکواڈ میں ڈیمانڈ کے مطابق پولیس اہلکاروں کو شامل کیا گیا ہے، ٹورازم فورس کو موجودہ وسائل سے گاڑیاں بھی فراہم کی جائیں گی، سیاحت فورس باقاعدہ پی ایچ پی کا علیحدہ ونگ ہوگا۔

حکام کے مطابق سیاحت فورس پنجاب ہائی وے پٹرولنگ یونٹ کے ماتحت کام کرے گی، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی سیاحت فورس کا سربراہ ہوگا، آئی جی پنجاب نے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ڈی آئی جی پی ایچ پی اطہر وحید کی کاوش کو سراہا اور ٹورازم فورس کا آغاز جلد کرنے کا حکم دیا۔