اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کی تحریک آزادی کو نہیں روک سکتی۔
یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام پر ظلم کی تاریخ دھائیوں پر محیط ہے، ہندوستان نے 27 اکتوبر 1947ء کو مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ جبر بڑھنے کے باوجود کشمیریوں میں آزادی کی تڑپ بڑھی ہے، جیسے جیسے ظلم بڑھے گا اسی طرح سے آزادی کا جذبہ فروغ پائے گا، آزادی کے اس جذبے کو کوئی طاقت دبا نہیں سکتی۔
مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی شدید خلاف ورزی کی ہے، بھارت نے کشمیریوں کے متعلق قراردادوں کی خلاف ورزی سے اپنے آئین سے بھی روگردانی کی، دنیا کی کوئی طاقت آزادی کی تحریک کو نہیں روک سکتی، دنیا میں انصاف ہوگا تو امن ہو گا۔