کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کی نگران حکومت نے غیر قانونی مقیم تارکین وطن کی واپسی کیلئے آپریشنل پلان کو حتمی شکل دیدی۔
نگران وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز کے زیرصدارت تارکین وطن کی واپسی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، نگران وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ یکم نومبر سے وطن واپسی کا عمل شروع کر دیا جائے گا، غیر قانونی تارکین وطن کیلئے حاجی کیمپ کراچی، جیکب آباد، حیدرآباد اضلاع میں ہولڈنگ کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔
حارث نواز نے کہا کہ ان کیمپوں میں فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا، پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے واپس جانے والے قافلوں اور ہولڈنگ سینٹرز کی سکیورٹی یقینی بنائیں گے، وطن واپسی کے منصوبے کے تحت صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کئے جارہے ہیں۔
نگران وزیر داخلہ نے کہا کنٹرول رومز میں پولیس، نادرا، ایف آئی اے اور سپیشل برانچ کے نمائندے ذمہ داریاں انجام دیں گے، کراچی میں حاجی کیمپ ہولڈنگ سینٹر پر ایف آئی اے اور نادرا پولیس کی مدد سے تارکین وطن کے ڈیٹابیس کو حتمی شکل دیں گے۔
حارث نواز نے مزید کہا کہ کمشنر کراچی بطور فوکل پرسن تارکین وطن کی ٹرین کے ذریعے وطن واپسی کیلئے وفاقی حکومت سے رابطے کو ممکن بنائیں گے۔