9 مئی واقعات قومی سلامتی کیخلاف سازش تھے، مسلح افواج نے ناکام بنایا: گورنر سندھ

Published On 01 November,2023 10:43 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات قومی سلامتی کے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش تھے جسے مسلح افواج نے اپنی تدبیر، صبر اور تحمل سے ناکام بنایا۔

گورنر ہاؤس میں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ متضاد معاشی پالیسیوں اور خراب معاشی نظم و ضبط کی وجہ سے ملکی معیشت کو تباہ کیا گیا، اس واقعہ کے ذمہ دار چاہتے تھے کہ ملک میں افراتفری کا ماحول پیدا کیا جائے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی، سیوریج، نالوں کی صفائی سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، ملک کی معاشی صورتحال ہم سب کے سامنے ہے، ہمیں اپنے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل جل کر کام کرنا ہے، ہم سب کر سکتے ہیں کیونکہ ہمارے پاس بہترین بہادر فوج اور سپہ سالار موجود ہے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر ملک کی سرحدوں کی حفاظت کےساتھ ساتھ معاشی میدان میں بھی آگے ہیں، انہی اقدامات کی بدولت معاشی صورتحال بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کوشش کریں لوگوں کی پریشانیوں میں ان کے حصہ دار بنیں، اپنی زندگی سے آگے نکل کر ملک کے بارے میں سوچیں، اس ملک کے لئے دی گئی قربانیوں کے لئے سوچنا ہو گا۔