اسلام آباد: (دنیا نیوز) سائفر کیس میں جج کی تعیناتی کو چیلنج کرنے کی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ آج سماعت کرے گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرے گا، عدالت نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف مقدمے کی سماعت کرنے والے جج کی تعیناتی کیلئے رولز پر عمل کے حوالے سے وزارت قانون کے سینئر افسر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے، پہلی سماعت کے بعد جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے وزارت قانون کے افسر کو طلب کیا۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمے کی سماعت کرنے والے جج کی تعیناتی کو چیلنج کر رکھا ہے، چیف جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل بینچ نے جج کی تعیناتی چیلنج کرنے کی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست خارج کر دی تھی جس کے بعد سابق وزیر اعظم نے جج تعیناتی اور جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی۔