اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور دیگر کو طلبی کے نوٹسز جاری کر دیئے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف زرداری سمیت دیگر کیخلاف پارک لین ریفرنس پر سماعت کی۔
دوران سماعت وکیل صفائی ارشد تبریز نے موقف اختیار کیا کہ جب معاہدہ ہوا تب آصف علی زرداری پارک لین کے ڈائریکٹر نہیں تھے جس پر عدالت نے کہا کہ ابھی نوٹسز جاری کرتے ہیں باقی بعد میں بتا دیں۔
عدالت نے آصف علی زرداری سمیت 19 ملزمان کو طلبی کے نوٹسز جاری کیے، باقی ملزمان میں محمد اقبال، یونس قدوائی، اقبال خان نوری، حسین لوائی، عبدالغنی مجید، خواجہ انور مجید اور ایم فاروق عبداللہ شامل ہیں۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ملزمان کو طلبی کے نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کردی۔