کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ تجارت، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون پر روس پاکستان ایک دوسرے کے قریب ہیں، دونوں ممالک کو اپنی ثقافت اور روایات کو آپس میں بانٹنے کا موقع ملا ہے۔
روس کے قومی دن سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ ہر سال 4 نومبر کو روسی عوامی اتحاد کا دن منایا جاتا ہے، 16 ویں صدی کے آخر میں روس اپنی تاریخ کے نازک دور سے گزرا، روس کے عوام نے کامیابی سے اپنی خود مختاری کا دفاع کیا، 1612 میں عوامی رضاکار کور نے ماسکو کو شرپسند قوتوں سے آزاد کرایا۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر سندھ کی پیپلز یونٹی ڈے آف رشین فیڈریشن کے موقع پر استقبالیہ میں شرکت
انہوں نے کہا ہے کہ روسی عوام نے اتحاد بنایا اور روس بھر میں سماجی طبقات کی ایک کونسل تشکیل دی، اس کونسل نے ایک نئے زار، میخائل رومانوف کا انتخاب کیا، ایک نیا خاندان قائم کر کے روس پر 300 سال سے زیادہ حکومت کی، ہم پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ بھی منا رہے ہیں، پاکستان سٹیل ملز اور گڈو تھرمل پاور سٹیشن روس نے قائم کیا تھا۔