اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق 6 سے 7 نومبر کو بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ درمیانی بارش جبکہ 8 سے 9 نومبر کو ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 7 نومبر کو ڈی آئی خان، ڈی جی خان، لیہ، بھکر، سرگودھا، میانوالی، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں ہلکی بارش متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق 8 اور 9 نومبر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ہلکی بارش کی توقع ہے، بارش کے دوران درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری کمی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شمالی علاقہ جات میں جانے والے سیاحوں کو بارش کے دوران محتاط رہنے اور تمام متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔