لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان نگران پنجاب حکومت نے بلاول بھٹو کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پچھلے ساڑھے 9 ماہ سے کام کر رہی ہے اس کا موازنہ سندھ سے کرنا سراسر غلط ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اپنی مدت پوری ہونے کے بعد تحلیل ہوئی ہے اور اس کو اڑھائی ماہ کا عرصہ ہوا ہے، پنجاب حکومت نے جو بھی منصوبے کیے وہ کسی بھی طرح سیاسی منصوبے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہر طرح سے تسلی کرتا ہے کہ کوئی بھی منصوبہ کسی بھی طرح سے سیاست یا کسی جماعت کو فائدہ نہ دے اور صرف اور صرف عوام کی فلاح کا ہو، کمیشن اپنی تسلی کرنے کے بعد ہی منصوبے کی منظوری دیتا ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق ہسپتالوں کی حالت بہتر کرنے کی اجازت اگر سندھ حکوت بھی مانگے گی تو کیوں نہیں ملے گی یا انڈر پاس ، فلائی اوور جس سے عوام کو ریلیف ملتا ہو۔
پنجاب حکومت نے سابق ایم این ایز اور ایم پی ایز کے تمام ترقیاتی کام روک دیے ہوئے ہیں، پنجاب حکومت مکمل طور پر غیر جانبدار ہے اور کسی قسم کے سیاسی ایجنڈے کے بغیر عوام کو ریلیف دینے کیلئے سرگرم عمل ہے۔