خیبر پختونخوا میں بارشوں، برفباری کا امکان، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

Published On 06 November,2023 11:00 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں بارشوں اور بالائی اضلاع میں برفباری کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مراسلے میں کہا کہ تیزبارشوں اور ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں دو سے تین سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ پیشگی اقدامات اٹھائے، ضلعی انتظامیہ چھوٹی، بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے اور برساتی نالوں کی نگرانی جاری رکھے۔

انہوں نے کہا کہ طوفان کی صورت میں عوام بجلی کے تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں، مراسلے میں حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو کہا گیا ہے کہ حساس اضلاع میں مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اورسڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے، متعلقہ حکام بوقت ضرورت لوگوں کو محفوظ انتظار گاہوں کی جانب منتقل کریں، اس دوران ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائیں، سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیاجائے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بارشوں اور بالائی اضلاع میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، یہ سلسلہ 10 نومبر تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔