راولپنڈی: (دنیا نیوز) سپیشل سیکرٹ ایکٹ سائفر سے متعلق کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں شروع ہوگئی۔
خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین سپیشل سیکرٹ ایکٹ سائفر سے متعلق کیس کی سماعت کر رہے ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی بھی کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔
ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹرز شاہ خاور، ذوالفقار عباس نقوی اور رضوان عباسی بھی اڈیالہ جیل پہنچ چکے جبکہ شاہ محمود قریشی اور پی ٹی آئی چیئرمین کے وکلا بھی کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔
سماعت میں 30 منٹ کا وقفہ
ایف آئی اے سپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کیس سماعت میں 30 منٹ کا وقفہ کیا ہے۔
استغاثہ کے 3 گواہان پر جرح سے قبل وکلا صفائی کی چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سے ملاقات کروائی گئی جس میں استغاثہ کے گواہان کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو بریفنگ بھی دی گئی۔
شاہ خاور نے مزید بتایا کہ ملاقات کے بعد گواہان کے بیانات قلم بند ہوں گے اور ان پر جرح ہوگی۔