اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر عرفان صدیقی نے مسلم لیگ ن کے منشور کی تیاری کے سلسلہ میں مشاورت اور تجاویز کے لیے نیشنل پریس کلب کا دورہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ منشور کی تیاری کے لئے 30 ذیلی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں، منشور کمیٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس جمعہ کو ہو گا، ایسا منشور بنائیں گے جو جذباتی نعروں، خیالی دعوؤں پر مبنی نہ ہو۔
عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ ایسا منشور ہو گا جو قابل عمل اہداف کے حصول کی دستاویز بنے، مسلم لیگ (ن) آزاد اور ذمہ دار صحافت پر پختہ یقین رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کی گورنرہاؤس میں اہم بیٹھک ،جنوبی پنجاب کے سیاسی معاملات پرغور
انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کو جمہوریت کا بنیادی تقاضا سمجھتے ہیں، ان تمام پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی میڈیا پالیسی وضع کریں گے، انہوں نے صحافتی تنظیموں کے نمائندوں سے مشاورت کی اور تجاویز حاصل کیں۔
افضل بٹ نے سینیٹر عرفان صدیقی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار کسی سیاسی جماعت نے باضابطہ رابطہ کر کے ہماری رائے لینے کی کوشش کی، یہ کام خوش آئند اور لائق تحسین ہے۔